ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد کے موقع پر میونسپالٹی کونسلروں کے ساتھ میٹنگ : یوجی ڈی، قومی شاہراہ اور مچھلی مارکیٹ کی منتقلی موضوعِ بحث

ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد کے موقع پر میونسپالٹی کونسلروں کے ساتھ میٹنگ : یوجی ڈی، قومی شاہراہ اور مچھلی مارکیٹ کی منتقلی موضوعِ بحث

Fri, 01 Jan 2021 20:43:49    S.O. News Service

بھٹکل :یکم جنوری  (ایس اؤ نیوز)گزشتہ 7-8مہینوں سے کورونا وبا کے چلتے شہری ترقیات کی طرف زیادہ توجہ دینا ممکن نہیں ہوسکا۔ اب عوامی نمائندوں کے ہاتھوں میں اقتدار منتقل ہوچکا ہے جس سے عوام توقع ظاہر کررہے ہیں کہ اب علاقہ کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دی جائے گی اور ترقیاتی کام انجام دئے جائیں گے۔ اس ضمن میں جمعرات کو ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کی بھٹکل آمد کے موقع پر بھٹکل میونسپالٹی میں  ڈی سی نے کونسلروں کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں   یوجی ڈی ،قومی شاہراہ کی تعمیر اور مچھلی مارکیٹ کی منتقلی کو لےکر کافی غور وخوض کیا گیا۔

میٹنگ کے بعدساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ  یوجی ڈی کو لےکر عوامی سطح پر جو غلط فہمیاں پائی جارہی ہیں  اس کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی  اور کام کو جو لوگ غیر سائنٹفک قرار دے رہے ہیں اس کا جائزہ لیا جائے گا۔قومی شاہراہ کے تعلق سے ڈی سی نے بتایا کہ  اگلے دو تین مہینوں میں  بھٹکل میں قومی شاہراہ کا کام شروع ہوگا انہوں نے  بتایا کہ  مقامی سطح پر مچھلی مارکیٹ منتقلی کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس سے قبل رکن اسمبلی کی قیادت میں انتظامیہ نے عوام کے ساتھ میٹنگ کرتےہوئے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی تھی ، مگر کووڈ وبا کی وجہ سے عوام معاشی بحران میں مبتلا تھے اوراس وقت  عوامی نمائندے بھی نہیں تھے تو کوئی حتمی فیصلہ نہیں  لیا گیا تھا۔  اب جب  کہ عوامی نمائندے اقتدار پر ہیں ، رکن اسمبلی  کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں عوام جو بھی فیصلہ لیں گے وہ ہم نافذ کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ  میونسپالٹی کی اہم ذمہ داری عوام الناس کو  بنیادی سہولیات  فراہم کرنا ہے جس میں  پانی سپلائی ، کچرا نکاسی  اور دیگر کاموں کے لئے جگہوں کی نشان دہی وغیرہ بھی شامل ہیں۔ مچھلی مارکیٹ کا مطلب ہی یہی ہے کہ جہاں انہیں جگہ مختص کیاگیا ہے وہیں اس کا بیوپار کریں۔گلی محلے میں، جہاں تہاں سڑکوں کے کنارے بیٹھ کر بیوپار کرنا صحیح نہیں ہے۔ ہم  اگر اس طرح کے باکڑا ، سڑک کنارے بیوپار کو موقع دیتے ہیں تواس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سب کچھ قانون کے مطابق  ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ  جن جگہوں کو جس کاروبار کے لئے مخصوص کیا گیا ہے، کاروباری حضرات کے لئے ضروری ہے کہ وہ نشاندہی کی گئی جگہوں پر ہی کاروبار کریں۔  


Share: